حکمران اپنی مراعات کم، غریبوں کا خون نچوڑنا بند کریں: سراج الحق 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کی غلامی سے نہیں اللہ کی مہربانی سے مسائل سے نکل سکتا ہے، اللہ کی دی گئی شریعت پر عمل کرنے والا فرد ہو، معاشرہ یا ملک حقیقی کامیابی ضرور حاصل کرتا ہے، حکمران اشرافیہ اپنا پروٹوکول اور مراعات کم کرے، غیر ترقیاتی اخراجات پر قابو پایا جائے، حکمران غریبوں کا خون نچوڑنا بند کریں۔ ملتان میں عزم نو کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام سے جھوٹے وعدے کرنے والے ظالم جاگیردار اور وڈیرے نے عوام کی محرومیوں کے ذمہ دار ہیں، یہ لوگ ہمیشہ سے حکمران پارٹیوں کا حصہ رہے، جھنڈے اور پارٹیاں بدل بدل کر اقتدار میں رہنے کے باوجود انہوں نے کبھی غریب عوام کی بہتری کا نہیں سوچا، امیر جماعت نے کہا اسٹیبلشمنٹ کرپٹ حکمرانوں کو آشیر باد فراہم کرتی ہے، حکمران پارٹیوں کو اسٹیبلشمنٹ کی چھتری نہ ملے تو یہ عوام میں جماعت اسلامی کا مقابلہ نہیں کرسکتیں، فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ہوگی۔ آج وہی چہرے اسمبلی میں موجود ہیں جنہوں نے گزشتہ کئی عشروں سے خزانے کو لوٹا اور بیرونی بنکوں میں منتقل کیا۔ آج ملک کی عدالتوں میں انصاف نہیں، ہسپتالوں میں غریب کے لیے علاج کی سہولت نہیں اور اس کے بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہم دھاندلی پر خاموش نہیں رہیں گے، عوام کے مسائل کے لیے آواز اٹھائیں گے۔ ملک میں قرآن و سنت کا نظام ہی مسائل کا حل ہے۔

ای پیپر دی نیشن