انتخابات میں ہارنے والے سبق حاصل کریں‘ نئے حکمرانوں کو بھی عدلیہ رعایت نہیں دیگی: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ

May 19, 2013

پشاور (نوائے وقت نیوز + آئی این پی) پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے کہا ہے کہ ایٹمی طاقت ہونے کے باعث ملک کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔ انتخابات میں ہارنے والے سبق حاصل کر لیں نئے آنے والے لوگ احسن، سپرٹ، تعلیم، صحت اور معیشت کو ترجیح دیں۔ نئے آنے والے افراد عدالتی فیصلوں کو نافذ کریں۔ سیاسی قائدین ملکی بحران کا احساس کر کے اپنے اختلاف ختم کر دیں، ایسا نہ کیا تو نئے آنے والے لوگوں کا آئندہ انتخابات میں بھی یہی حال ہو گا جو موجودہ لوگوں کا ہوا ہے۔ صحت کے شعبے میں کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے کہا کہ آنے والے حکمران جان لیں عدلیہ انہیں کوئی رعایت فراہم نہیں کرے گی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں سے خطاب میں جسٹس دوست محمد نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک سول حکومت سے سول حکومت کو اختیارات منتقل ہوئے۔ جمہوریت کا سلسلہ جاری رہا تو فلٹریشن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی حکومت صوبے میں امن کے قیام کے ساتھ تعلیم اور صحت کی بنیادی اور معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ بدقسمتی سے ریاست کے دیگر ادارے صحیح طور پر کام نہیں کر رہے اس لئے عدلیہ پر بوجھ آ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پچیس اضلاع میں کنزیومر کورٹ کے ساتھ موبائل کورٹس بھی قائم کی جائیں گی۔ 

مزیدخبریں