لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) نامزد وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے لاہور میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک نوجوانوں کا ہے، تبدیلی آ کر رہے گی، جن پولنگ سٹیشنز پر دھاندلی ہوئی وہاں دوبارہ الیکشنز کرائے جائیں، خیبر پی کے پنجاب کے لوگوں کے ساتھ ہے۔ خیبر پی کے میں تبدیلی نظر آئے گی۔ پیر کو چیف الیکشن کمشن سے ملاقات کروں گا، طالبان کو مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں، پاکستان ہم سب کا ہے، جب تک ہمیں انصاف نہیں ملتا آپ ڈٹے رہیں۔ قبل ازیں انہوں نے عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں خیبر پی کے میں حکومت سازی پر بریفنگ دی۔ ایک انٹرویو میں پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت امن کی کاوشوں کا ساتھ دے گی، نوازشریف خیبر پی کے میں امن و امان کی صورت حال پر اتفاق کرتے ہیں، افغانستان سے امریکیوں کے انخلا کے بعد خطے کے تمام مسائل حل ہو جائیں گے، صوبے میں انتشار نہیں پھیلائیں گے۔ سراج الحق تجربہ کار ماہر اقتصادیات اور صاف شفاف کردار کے مالک ہیں، صوبے میں خوشحال مثالی حکومت قائم کریں گے بلکہ میں نے اپنی ذاتی جائیداد بیچ کر سیاست کی۔ ابھی بھی ذاتی گھر کی بجائے کرائے کے مکان میں رہتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق میں میاں نوازشریف کے ساتھ ملکر دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے کام کریں گے۔