اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل راحیل شریف آج پیر کے روز ایک روزہ دورہ پر کابل روانہ ہو رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر وہ افغان اور ایساف کی فوجی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے افغان وزارت دفاع کے ترجمان نے اتوار کے روز مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا تھا افغان وزارت دفاع کے زیر اہتمام کابل میں افغانستان، ایساف اور پاکستان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات منعقد ہو رہے ہیں جس میں تینوں فریقوں کے اعلیٰ حکام شرکت کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا یہ پاکستان‘ افغانستان اور نیٹو کے درمیان 37 ویں سہ فریقی مذاکرات ہونگے۔ سہ فریقی مذاکرات میں سرحدوں پر سکیورٹی سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ باور کیا جاتا ہے کابل میں قیام کے دوران آرمی چیف کی افغان عسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی کشیدگی اور اس کے سدباب کیلئے اقدامات کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ واضح رہے افغانستان نے الزام عائد کیا تھا پاکستان نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افغان علاقے میں نئی تعمیرات کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں سرحد پر کشیدگی کے واقعات سامنے آئے۔