پرویز مشرف کے بعد سیاسی یتیم نئے مالکان تلاش کررہے ہیں: خواجہ آصف

May 19, 2014

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر دفاع وپانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے پاس پارلیمنٹ جیسا بہترین فورم موجود ہے مگر وہ اسے چھوڑکردھرنے کی سیاست کو پروان چڑھا رہے ہیں اس سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہونے والا۔ عمران خان دو ماہ سے مسلسل قلابازیاں کھا رہے ہیں، بندر کے تماشے میں بھی اتنی قلابازیاں نہیں ہوتیں۔ انکے پاس ثبوت ہوں تو پیش کریں۔ پرویز مشرف کے بعد سیاسی یتیم ہونیوالے بینرز لگا کر نئے مالکان تلاش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو ماہ سے تنازع چل رہا ہے، اس میں کچھ سیاستدانوں سمیت کئی لوگوں کی اصلیت بھی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ ان لوگوں کے کاروباری اور مخصوص مفادات ہیں۔ انہوں نے کہا اگر پاکستان میں فوجی آمر نہ آتے تو آج دہشت گردی کا نام ونشان تک نہ ہوتا، نئے بجلی گھر لگ رہے ہیں، بجلی کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے، جلد ہی توانائی کے مسئلے پر قابو پا لیں گے۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ طالبان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے سے کوشش کررہے ہیں کہ اس مسئلے کو حل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے نتیجے میں ہزاروں پاکستانی جانیں ضائع ہوئیں ہماری معیشت کو شدید دھچکا لگا ہم مزید خون بہے بغیر اگرہم امن حاصل کرلیتے ہیں تواس سے اچھاآپشن اورکوئی ہوہی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا آئین سپریم ہے اور ہر ایک کو اس کی تکریم کرنا چاہئے۔ گذشتہ 65 سالوں میں پاکستان میں 23 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے کارخانے لگے جبکہ اگلے آٹھ سال میں اس میں 21 ہزار میگا واٹ کا اضافہ کیا جائے گا ۔

مزیدخبریں