فوج مخالف ایجنڈا حکومت کا ہو یا کسی اور کا مخالفت کرینگے: پرویز الٰہی

May 19, 2014

لاہور +اوکاڑہ+پاکپتن(خبر نگار+نامہ نگاران) ق لیگ کے سینئرمرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کامیاب ریلیوں نے ثابت کر دیا عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہیں، افواج پاکستان نہ صرف ہماری سرحدوں بلکہ نظریاتی طور پر بھی قوم کی محافظ ہیں، ہم ان کی عزت و وقار پر آنچ نہیں آنے دینگے اور بھرپور انداز میں ان کا ساتھ دیا جائے گا۔ مسلح افواج کے حق میں اپنی جماعت کی متعدد شہروں میں بہت بڑی اور پرجوش ریلیوں کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا افواج پاکستان کے خلاف ایجنڈا چاہے حکومت سے آئے یا کسی اور جگہ سے ہم ڈٹ کر اس کی مخالفت کریں گے۔عوام جس طرح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ہم بھی انشاء اللہ تعالیٰ ان کے شانہ بہ شانہ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا آج پنجاب اسمبلی میں افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے قرارداد بھی پیش کریں گے۔اوکاڑہ میں ق لیگ اور جماعت الدعوۃ کی طرف سے آئی ایس آئی کی حمایت اور جیو کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز گول چوک اوکاڑہ سے ہوا، قیادت رائے اسلم کھرل نے کی۔ شرکاء ریلی نے فوج کی حمایت کرتے ہوئے جیو کو بند کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ توہین اہلبیت پر جیو کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ پاکپتن میں ق لیگ نے جیو کی طرف سے گستاخی اہلبیت اور آئی ایس آئی کے خلاف مہم چلا نے پر احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت پیر احمد شاہ کھگہ، علی عمران ہوتیانہ، پیر اسلم قریشی، اختر خاں نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے  مقررین نے کہا چینل کو مکمل طور پر بند کردیا جائے۔ انہوں نے کہا جیو اور جنگ پاکستان مخالف پالیسی پر گامزن ہیں۔

مزیدخبریں