لاہور (آئی این پی) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی میں نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے ساتھ‘ ساتھ سنیئر ٹیم کا بیک اپ تیار کر نے کے لئے پاکستان اے ٹیم کی بحالی کا فیصلہ کر لیا۔ اس حوالے سے پی ایچ ایف کے کوچنگ مشیر طاہر زمان کو اہم ذمے داری دے دی گئی ہے جو اس پر کام کریں گے۔پی ایچ ایف نے قومی اے ٹیم کی تیاری کے سلسلے میں قومی سلیکشن کمیٹی اور سینئر ٹیم کے چیف کوچ شہناز شیخ کی مشاورت کر نے کا فیصلہ کیا ہے، جن سے بات چیت کر کے اے ٹیم تیار کی جائے گی، اے ٹیم میں پچھلے سال بھارت میں کھیلے گئے جونیئر ورلڈکپ ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیم کے ان کھلاڑیوں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اس وقت قومی سینئر ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ ان کھلاڑیوں نے ماضی میں طاہر زمان اور منظور الحسن سے تر بیت حاصل کی ہے، پاکستان اے ٹیم کو قومی سینئر ٹیم کے بیک اپ کے ساتھ ساتھ سائوتھ گیمز اور غیر ملکی ٹیموں کے ساتھ اے سیریز میں موقع دیا جائے گا۔ پی ایچ ایف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ٹیم کی مدد سے ملک میں نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے میں مدد ملے گی۔ اس ٹیم کے انتخاب کے لئے ملک بھر میں ہونے والے اوپن ٹرائلز سے نمایاں ہونے والے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے گا۔
پاکستان اے ہاکی ٹیم بحال کرنے کا فیصلہ
May 19, 2014