شاذیہ سعید
shazi1730@hotmail.com
دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے ”کانزفلم فیسٹول“ کا آغاز13مئی سے ہوچکا ہے۔ حسب روایت فرانس کا شہر”کانز“ کے 68ویں فلم فیسٹیول میں شرکت کرنے والی دنیا بھر کی بڑی بڑی فلمیں شخصیات اور اس شعبے سے جڑے نامور ماہرین کی میزبانی کررہا ہے۔فیسٹیول کے افتتاحی روز میزبان ملک کی خاتون ڈائریکٹر کی فلم ”اسٹینڈنگ ٹال“ نمائش کے لئے پیش کی گئی۔30 سال بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی خاتون ڈائریکٹر کی فلم سے فیسٹیول کا آغاز ہوا ہے۔کانز کا میلہ لوٹنے کے لئے 19 فلمیں میدان میں ہیں جبکہ فیسٹیول 2015 ءمیں کلاسک فلم ”کاسا بلانکا“ کی انگرڈبرگ مین کو ٹریبیوٹ پیش کیا جائے گا۔بہترین فلم کا ایوارڈ اپنے نام کرنے والی فلم کو ”پام ڈی اور“ ایوارڈ سے نوازا جائے گا جسے 24 قیراط سونے سے تیار کیا گیا ہے۔سابق حسینہ عالم ایشوریا رائے گزشتہ کئی سالوں کی طرح اس مرتبہ بھی فیسٹیول کا حصہ ہیں۔ان کے علاوہ جو بالی وڈ بیوٹیز اس میں شرکت کریں گی ان میں سونم کپور اور کترینہ کیف شامل ہیں۔کترینہ کیف فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر انٹرنیشنل میڈیا اورشائقین کی بھرپور توجہ کا مرکزبنی رہیں اوران کے فینز نے انہیں ہاتھوں ہاتھ لیا۔پاکستانی فلم ”عبداللہ“ بھی نمائش کے لئے پیش کردی گئی ۔ فلم کی کہانی 2011ء میں کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد میں پیش آنے والے ایک واقعے کے گرد گھومتی ہے جس میں ایک سکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب 5 غیر ملکیوں کو دہشت گرد قرار دے کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ فلم میں اداکار عمران عباس، ساجد حسن، سعدیہ خان، اور حمید شیخ اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم کی کہانی ہاشم ندیم نے تحریر کی ہے اور اس کی ہدایت کاری اور پروڈکشن کی ذمہ داریاں بھی انہوں نے ہی نبھائی ہیں۔فلم میں اس واقعے پر بین الاقوامی برادری کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے انتہائی خوبصورتی سے جواب دیئے گئے ہیں۔ عبداللہ آئندہ ماہ 5 جون کو ملک بھرمیں ریلیزکی جارہی ہے۔ فیسٹیول 12دنوں تک اپنی پوری آب وتاب سے جاری رہنے کے بعد 24 مئی کو روایتی دھوم دھام سے ختم ہوگا۔
لنڈسے لوہان کی اسلام میں دلچسپی
ہالی وڈ کی معروف اداکارہ لنڈسے لوہان نیویارک میں قرآن پاک کا ایک نسخہ تھامے ہوئے نظر آئیں جس سے سب نے یہ اندازہ لگایا کہ وہ اسلام کے مطالعے میں دلچسپی لے رہی ہےں لیکن ساتھ ہی لنڈسے لوہان کے قبول اسلام سے متعلق قیاس آرائیاں بھی جنم لے رہی ہیں کہ آیا انہوں نے اسلام قبول کر لیا ہے یا پھر وہ قبول اسلام کا ارادہ رکھتی ہیں؟ لنڈسے لوہان ان دنوں ایک عدالتی حکم کے مطابق بروک لین میں بچوں کے ایک مرکز ڈوفیلڈ چلڈرن سینٹر میں سماجی خدمات انجام دے رہی ہیں جہاں انہیں بدھ کو کمیونٹی خدمات کی انجام دہی کے پہلے روز انگریزی ترجمے والا قرآن پاک کا ایک نسخہ تھامے ہوئے دیکھا گیا ہے۔واضح رہے کہ 2012ئ میں لنڈسے لوھان پر لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے کا الزام تھا جس کی پاداش میں عدالت نے انہیں 125 گھنٹوں کی سماجی خدمات کی انجام دہی کی سزا سنائی گئی تھی جس کو پورا کرنے کے لئے یہ آخری مہینہ ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لنڈسے نے اس سال کے اوائل میں انسٹا گرام پر قرآن کریم کی چند آیات بھی پوسٹ کی تھیں جو بعد ازاں ہٹا لی گئی تھیں۔علاوہ ازیں حال ہی میں انہوں نے انسٹا گرام پر ایک عربی متن کا غلط انگریزی ترجمہ کیا تھا اور بعد میں اپنی تصحیح کرتے ہوئے لنڈسے نے لکھا کہ وہ عربی زبان سیکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
جیکی چن اور عامر خان ایک ساتھ
کنگ فو کنگ جیکی چین اور بالی وڈ مسٹر پرفیکٹ عامر خان ایک ساتھ بڑے پردے پر جلوہ گر ہونے کے لئے تیار۔ بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان جلد ہی جیکی چین کے ساتھ بڑے پردے پر جلوہ گر ہوں گے۔ جی ہاں بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان اور چین سے تعلق رکھنے والے ہالی ووڈ کے معروف اداکار جیکی چین مرکزی کردار نبھائیں گے۔ ”کنگ فو یوگا“ کے نام سے بننے والی اس فلم میں جیکی چین عامر خان کے ساتھ دشموں کے دانٹ کھٹے کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ جس کی کہانی مارشل آرٹ اور بھارتی ثقافت کے گرد گھومے گی۔ بھارت اور چین کی مشترکہ پروڈکشن کے تحت 3فلمیں بنائی جائیں گی، جو ہندی اور چینی دونوں زبانوں میں تیار کی جائیں گی۔
کیلی جینر نے کر لی چپکے سے منگنی
ہالی وڈ کی 17سالہ ماڈل کیلی جینر کی جانب اس وقت نظریں اٹھیں جب انہیں ریپ سنگر تائگا کا ساتھ پہلی بار دیکھا گیا البتہ دونوں نے ہی کسی بھی قسم کا رد عمل ظاہر نہیں کیا۔ تاہم آج کل یہ بات گردش کر رہی ہے کہ تائگا نے کیلی کو شادی کی پیشکش کی جسے انہوں نے فوراً قبول کر لیا۔ کیلی خود بھی شادی کے لئے تیار بیٹھی ہیں کیونکہ ایک انٹریو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ وہ جیسے ہی 18 سال کی ہونگی شادی کے بندھن یں بندھ جائیں گی۔ کیلی اور تائگا کی خفیہ منگنی تاحال منظر عام پر نہیں آئی لیکن ان کے مداح انکی شادی کے منتظر ہیں۔
ہالی وڈ کے شب و روز....کانز فلم فیسٹول2015ءکی رنگینیاں جاری
May 19, 2015