اسلام آباد ایجنسیاں) وفاقی اور خیبر پی کے حکومتوں کے درمیان پانی کے منافع اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے، وفاقی حکومت نے خیبر پی کے حکومت کے دہشت گردی کیخلاف اخراجات میں مجموعی شیئر بڑھانے کا بھی وعدہ کرلیا۔ خیبر پی کے حکومت نے پانی کے خالص منافع اور لوڈ شیڈنگ کے مسائل پر وفاقی حکومت کے کان نہ دھرنے کی شکایت کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے سامنے مختصر سا احتجاجی دھرنا دیا تھا جو شکایات جلد رفع کرنے کی یقین دہانی پر ختم بھی کردیا گیا تھا۔ خیبر پی کے کو نیشنل گرڈ سے مجموعی پیداوار کی 14 فیصد بجلی فراہم کی جائے گی، بل ادا کرنیوالے علاقوں میں صوبائی حکومت کے خود طے کردہ شیڈول کے تحت ہی بجلی بند کی جائے گی، پانی کے خالص منافع کی مد میں آئندہ 3 برس میں 96 ارب روپے بھی ادا کئے جائیں گے۔ این ایف سی ایوارڈ میں بھی صوبے کا حصہ بڑھانے کا وعدہ کرلیا گیا ہے۔