کابل (آئی این پی ) افغانستان میںطالبان کے حملوں میں 5 پولیس افسر اور سابق ضلعی چیف سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے ،طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی،ادھر کابل میں افغان نیشنل آرمی کا ہیلی کا پٹر گر کر تباہ ہوگیا ،حادثے میں دو پائلٹ زخمی ہوگئے ۔پیر کو افغان میڈیا کے مطابق جنوبی صوبے ارزگان کے ضلعی ہیڈکوارٹر میں طالبان کے حملے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ ضلعی انتظامیہ کے سربراہ عبدالکریم کریمی نے بتایا ہے کہ پیر کی صبح کیے گئے حملے میں 5 پولیس افسر، ایک سابق ڈسٹرکٹ چیف اور ایک اسکول پرنسپل ہلاک ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ضلع میں پولیس اہلکاروں کی تعداد محدود ہے تاہم پھر بھی سب کنٹرول میں ہے۔دوسری جانب طالبان ترجمان قاری یوسف احمدی نے ارزگان میں کیے گئے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔24 اپریل 2015 کو طالبان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ "عزم" کے نام سے ایک آپریشن کا آغاز کررہے ہیں جس کا حدف غیر ملکی، خاص طور پر ان کے فوجی بیس، آفیشلز،فوجی تنصیبات، وزارت داخلہ اور وزرات دفاع کے عہدیداران ہوں گے۔ادھر قندھار میں بارڈر پولیس فورس کی گاڑی کے قریب خودکش حملے میں 7 افراد زخمی ہوگئے ۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار نے بارڈر پولیس فورس کی گاڑی کے سامنے خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں پانچ شہری اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔دریں اثنا ایک سیکورٹی عہدے دار نے بتایا ہے کہ خودکش حملہ آور کا نشانہ بارڈر سیکورٹی فورسز کے کمانڈر عصمت اللہ خان تھے تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے ۔
افغانستان: طالبان کے حملے ، پرنسپل اور 5 پولیس افسروں سمیت 7 ہلاک ، فوجی ہیلی کاپٹر تباہ،2 پائلٹ زخمی
May 19, 2015