گوجرانوالہ (نامہ نگاران) سینٹرل جیل میں مقدمہ قتل کے ایک ملزم کو آج پھانسی دی جائیگی جبکہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور بہاولپور میں 4 مجرموں کو 21 ایک کو 22 مئی کو تختہ دار پر لٹکایا جائیگا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سنٹرل جیل میں قید سزائے مو ت کے منتظر مجرم اکرم کو آج علی الصبح تختہ دار پر لٹکا یا جائیگا۔ جیل انتظا میہ نے مجرم کو پھا نسی دینے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں گذ شتہ روز مجرم کی اہل خا نہ سے آخری ملا قا ت کروائی گئی۔ یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امیر محمد خان نے تھا نہ سبزی منڈی کے مقدمہ قتل میں مجرم اکرم کی اپیلیں مسترد ہونے پر 16 مئی کو اس کے بلیک جاری کر تے ہوئے اسے 19 مئی کو تختہ دار پر لٹکانے کا حکم دیا تھا۔ مجرم نے گلہ مہر بگو والا میں 19 مئی 1997 کو دیرینہ عداوت پر چھریوں کے وار کر کے رمضان کو قتل کر دیا تھا۔ ڈسٹر کٹ اینڈ سیشن جج چودھری امیرمحمدخان نے تھانہ با غبانپورہ کے مقدمہ قتل میں سزائے موت کے منتظر قیدی اعجاز کے بلیک وارنٹ جاری کرتے ہوئے مجرم کو 21 مئی کو تختہ دار پر لٹکانے کا حکم دے دیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق مجرم اعجاز نے تھانہ باغبانپورہ کے علا قہ آبادی مہر وزیروالی میں لین دین کے تنازعہ پر 1998 میں لین دین کے تنازعہ پر غلام رسول کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں 21مئی کو اغواء برائے تاوان و قتل کے مجرم لارز مسیح کو تخت دار پر لٹکا دیا جائے گا۔ لازر مسیح نے 13مارچ کو بھیکو چھور سے اٹھارہ سالہ وسیم کو پندرہ لاکھ روپے تاوان کیلئے اغواء کیا تھا اور بعد ازاں وسیم کو قتل کر دیا تھا۔ جس پر اسی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے سزائے موت ہوئی جسکی بعد ازاں عدالت عظمیٰ اور عدالت عالیہ نے توثیق کر دی تھی۔ صدر مملکت کی طرف سے رحم کی اپیل خارج ہونے پر گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مجرم لازر مسیح کو 21مئی کو پھانسی دینے کیلئے اس کی بلیک وارنٹ جاری کر دیئے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سیالکوٹ شاہد رفیق نے چار بچوں کی ماں کو قتل کرنے والے گوہد پور کے نعیم کو 22مئی کو پھانسی کیلئے بلیک وارنٹ جاری کر دیئے۔ استغاثہ کے مطابق تھانہ اگوکی کے علاقہ گوہد پور میں 13مئی 1998کو مجرم نعیم نے چار بچوں کی ماں ساجدہ بی بی کے گھر میں گھس کر اسے چھری کے وار کرکے قتل کیا تھا۔ جس پر ایڈیشنل سیشن جج چودھری غلام رسول نے مجرم نعیم کو 24جولائی 2002کو سزائے موت کی سزا دی تھی۔ جس کی لاہور ہائی کورٹ لاہور نے 15مئی 2008کو توثیق کر دی اور بعد ازاں سپریم کورٹ نے مجرم کی سزا کوبرقرار رکھا تھا۔ 16مئی 20015کو صدر پاکستان کی طرف سے رحم کی اپیل خارج ہونے پر سیشن جج سیالکوٹ نے مجرم کو 22مئی کو پھانسی کیلئے اس کے بلیک وارنٹ جاری کر دیئے۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق سزائے موت کے دو مجرموں اسلم اور شاہ میر کو سنٹرل جیل بہاول پور میں 21مئی کو علی الصبح تختہ دار پر لٹکادیا جائے گا۔ سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل کے لیٹر کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت بہاول پور کے جج خالد ارشد نے مختلف مقدمات میں سزایافتہ مذکورہ مجرموں کی سزائے موت کی تاریخ و وقت کا تعین کیا ہے۔تاندلیانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق قتل کا جرم ثابت ہونے پر ایک ملزم کو سزائے موت، جب کہ پانچ کر بری دیا گیا۔ تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کے علاقہ چک نمبر428گ ب کے رہائشی ناصر کو ملزمان شہباز وغیرہ نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ جس کا مقدمہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میاں شریف کی عدالت میں زیر سماعت تھا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میاں شریف نے جرم ثابت ہونے پر ملزم شہباز کو سزائے موت اور ایک لاکھ روپے جرمانہ جب کہ دوسرے چار ملزمان عدنان، نصیر، شہزاد اور عظمت کو بری کر دیا۔