عوام کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات تیز کئے جائیں: صدر ممنون

اسلام آباد (این این آئی+سپیشل رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی اور صوبائی محتسب کے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ غریب عوام کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات تیز کیے جائیں، لوگوں کی بڑی تعداد انتہائی غریب ہے اور ہمیں معاشرے کے اس طبقہ کی بہبود کیلئے ترجیحا کام کرنا چاہیے۔ صدر ممنون نے یہ بات وفاقی محتسب کی وفاقی مشاورتی کمیٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے عوامی مسائل اور شکایات کی بڑی تعداد کو تیز رفتاری سے نمٹانے پر وفاقی محتسب اور ان کے ادارے کی کردار کی تعریف کی اور کہا کہ عوام کی خدمت ایک نیک کام ہے جسے عبادت سمجھ کر کرنا چاہیے۔ صدر نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کا عمل آسان اور سستا بنانے کیساتھ دیہی علاقوں کی طرف توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ عوامی مسائل کی اکثریت کا تعلق دیہی علاقے سے ہوتا ہے۔ انہوں نے مشاورتی کمیٹی کو دیہی علاقوں کی شکایات کے ازالے کیلئے تجاویز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ صدر نے کہا کہ محتسب کے ادارے فوری اور مفت انصاف کی فراہمی کو مزید آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ عام پاکستانیوں کو بلا رکاوٹ فوری انصاف مل سکے۔ موجودہ حکومت کے ایجنڈے میں انصاف کی فراہمی سرفہرست ہے۔ سپیشل رپورٹ کے مطابق صدر ممنون حسین رمضان کے پہلے ہفتے میں عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب جائیں گے۔ نوائے وقت کو معتبر ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر مملکت کے علاوہ کئی سیاسی شخصیات بھی رمضان میں عمرہ کی ادائیگی کے لئے تیاریوں میں ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...