قاہرہ(اے این این)سعودی سیاح کے ساتھ ناروا روئیے پرمصری وزیرسیاحت نے ہوٹل کو سیل کر نے کا حکم دیدیا ۔ عرب میڈیا کے مطابق مصر کے ساحلی علاقے الشیخ زائد میں قائم ایک ہوٹل کے مالکان نے سعودی عرب کے قومی لباس میں ملبوس ایک سعودی سیاح اور اس کے ہمراہ آئی اس کی فیملی کا استقبال نہ کرنے پر محکمہ سیاحت نے ہوٹل بند کرا دیا۔مصری وزیرسیاحت خالد رامی کو یہ اطلاع ملی کہ الشیخ زاید کے مقام پر قائم ایک ہوٹل کے مالک نے سعودی عرب سے آئے ایک سیاح اور اس کے اہل خانہ کی میزبانی سے انکار کیا ہے تو انہوں نے ہوٹلنگ کی نگران انتظامیہ کو فوری طور پر واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا۔ چھان بین سے پتا چلا کہ ہوٹل کی انتظامیہ نے سعودی فیملی کے ساتھ نا مناسب رویہ اختیار کیا تھا جس پر وزیرسیاحت نے ہوٹل کو بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔مصری وزارت سیاحت کی ترجمان رشا العزایزی کے مطابق مصر اور سعودی عرب کے تعلقات معمول کے مطابق چل رہے ہیں اورہر آنے والے دن میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید پختگی آ رہی ہے۔ ایسے میں ہم کسی شخص کو دونوں ملکوں کے عوام میں بد اعتمادی کی فضا پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔وزارت سیاحت کی خاتون ترجمان کے مطابق سعودی شہری کی میزبانی سے انکار کرکے بد اعتمادی کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔
قاہرہ:سعودی سیاح اور اسکی فیملی سے ناروا سلوک‘وزیرسیاحت نے ہوٹل سیل کردیا
May 19, 2015