لاہور (سپورٹس ڈیسک) سیالکوٹ سٹالینز نے 74 رنز کے بھاری مارجن سے لاہور لائنز کو زیر کر کے دوسری بار ہائر سپر 8 ٹی ٹوئنٹی کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد اقبال سٹیڈیم میں سیالکوٹ سٹالینز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ نعمان انور نے جارحانہ بلے بازی سے 6 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 97 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سعد رفیق نے 47 رنز بنائے۔ یوں سیالکوٹ سٹالینز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔ لاہور لائنز کے اعزاز چیمہ نے 4 اور قیصر اشرف نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور کی جانب سے احمد شہزاد اور کپتان کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا تاہم بلاول بھٹو نے پہلی ہی گیند پر احمد شہزاد کو بولڈ کر کے میچ میں گرفت مضبوط کرنے کی راہ ہموار کر دی اس کے بعد محمد حفیظ کھیلنے کیلئے آئے تاہم وہ بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور محض 10 رنز کی اننگز کھیلی ۔ لاہور لائنز کی طرف سے سب سے زیادہ رنز35 عمر اکمل نے بنائے جبکہ سعد نسیم 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جب لاہور لائنز کے 20 اوورز مکمل ہوئے تو انہوں نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے تھے اور یوں سیالکوٹ سٹالینز نے میچ 74 رنز کے بھاری مارجن سے جیت لیا۔ نعمان انور کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ شعیب ملک اور عمر اکمل سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور وہ اب متوقع طو رپر زمبابوے کیخلاف ٹیم کا حصہ ہوں گے۔