ہائیکورٹ: زرداری کیخلاف منشیات کا 18 سال پرانا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی گئی

May 19, 2015

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق صدر  زرداری کیخلاف 18سال قبل درج کیا گیا منشیات کا مقدمہ خارج کرنے کے لئے دائر درخواست واپس لینے کی بناء پر نمٹا دی۔  دو رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کی۔ زرداری کے وکیل چوہدری اعتزاز احسن نے عدالت کو بتایا کہ  زرداری نے1998 میں منشیات کا مقدمہ خارج کرنے کیلئے  درخواست دائر کی تھی۔ ٹرائل کورٹ تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں  زرداری کے خلاف درج مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں پہلے ہی بری کرچکی ہے لہذا درخواست غیر موثر ہو چکی ہے اور وہ اپنے موکل کی استدعا پر درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے منشیات کا مقدمہ خارج کرنے کے لئے دائر درخواست واپس لینے کی بنا پر نمٹا دی۔ تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے1997 میں منشیات کا مقدمہ درج کیا تھا۔

مزیدخبریں