اسلام آباد (ایجنسیاں) عمران خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن نے زائد بیلٹ پیپرز کی چھپائی کو ثابت کردیا ہے ، حکمت عملی کے تحت گواہوں کو بلائیں گے، مسلم لیگ (ن) کو جوڈیشل کمشن کی کارروائی کی سمجھ نہیں آتی اور نہ ہی آئے گی، جب نتیجہ آئے گا پھر انہیں سمجھ آئے گی،وی آئی پی حلقوں میں زیادہ بیلٹ پیپرز بھیجے گئے۔کیپٹن صفدر اور حمزہ شہباز شریف کے حلقوں میں اضافی بیلٹ پیپرز بھیجے گئے، کارٹون درباریوں کی بات نہیں کرنا چاہتا، جو دل میں آئے بیان دیتے رہتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ عبدالحفیظ پیرزادہ کی حکمت عملی اچھی جا رہی ہے۔ جوڈیشل کمشن میں زائد بیلٹ پیپرز کی چھپائی ثابت ہوگئی ہے، کہیں تین اور کہیں ایک لاکھ 20 ہزار بیلٹ پیپرز بھیجے گئے، ثابت ہوگیا کہ وی آئی پی حلقوں میں زیادہ بیلٹ پیپرز بھیجے گئے۔ پہلی بار انتخابات کی شفاف تحقیقات ہورہی ہے، قوم کو مبارکباد دیتے ہیں جو بھی نتیجہ آئے گا وہ پاکستان کی جمہوریت کو مضبوط کرے گا۔ جوڈیشل کمشن کی کارروائی قسط وار ڈرامے کی طرح چل رہی ہے جسے عوام ایک ایک کر کے دیکھیں گے۔ پارٹی کی سینئر رہنما زہرہ شاہد کی پہلی برسی پر پیغام میں عمران نے کہا ہے کہ زہرہ شاہد کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی۔ زہرہ شاہد نے دھاندلی کے خلاف سب سے پہلے آواز اٹھائی ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ حق کا ساتھ دیا اور ظلم کے خلاف آواز کو بلند کیا۔
وی آئی پی حلقوں میں زیادہ بیلٹ پیپرز بھیجے گئے: عمران
May 19, 2015