اسلام آباد+ کراچی (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی منگل کی رات اچانک طبیعت ناساز ہو گئی۔ انہیں معدے میں تکلیف کے باعث ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شجاعت حسین کے معدے کے تمام ٹیسٹ کرائے گئے جبکہ ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ انکی طبیعت بہتر ہوگئی ہے، انکے کچھ ٹیسٹ کرانے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کرپشن کے الزام میں قید ڈاکٹر عاصم کی بھی گزشتہ روز طبیعت ناساز ہوگئی اور انکو سینے میں تکلیف پر جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ڈاکٹر عاصم کو جناح ہسپتال میں طبی امداد دی گئی۔ ڈاکٹر عاصم کو فوڈ پوائزننگ کی شکایت ہوئی ہے۔ ڈاکٹرز کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عاصم شدید ذہنی و اعصابی دباؤ کا شکار ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے جس کے بعد ان کی حتمی میڈیکل رپورٹ جاری کی جا سکے گی۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عاصم کیس کے حوالے سے نیب کے تحقیقاتی افسران پر حملے کا خطرہ ہے۔ حساس اداروں نے متعلقہ افسران کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
ڈاکٹر عاصم طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال منتقل‘ شجاعت کو معدے کی تکلیف
May 19, 2016