اسلام آباد (این این آئی) سیکرٹری الیکشن کمشن بابر یعقوب نے کہا ہے الیکشن سٹاف کے قابل اعتماد ہونے اور ان کی مستعدی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، الیکشن کمشن کی منصوبہ بندی کمیٹی کے 11 ویں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا الیکشن کمشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا الیکشن کمشن کے سٹاف کی انتخابات سے قبل تربیت کی جائے گی۔ 2017-18ءکیلئے بجٹ مخصوص کرنے کے سلسلہ میں الیکشن کمشن کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بیلٹ بکسز اور دیگر انتخابی سازوسامان کی خریداری ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کے نئے دفاتر سمیت مختلف اخراجات کو زیر غور لایا گیا۔ اجلاس میں پریذائیڈنگ آفیسرز، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز، پولنگ آفیسرز اور دیگر سٹاف کیلئے تربیتی پروگرام کی بھی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا ایک سال کے دوران الیکشن کمشن کے 5 لاکھ 86 ہزار افراد کو تربیت دی جائے گی۔ ملک بھر میں 23440 تربیتی سیشنز ہوں گے۔ الیکٹرانک ووٹنگ میشنز اور بائیو میٹرک سسٹم پر کام ہو رہا ہے، کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں آزمائشی بنیادوں پر اس کا تجربہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا چیف الیکشن کمشنر کے دورہ خیبرپی کے اور پنجاب کے دوران ریٹرننگ آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز عدلیہ سے لئے جانے کی تجویز آئی ہے۔
الیکشن کمشن
پنجاب، خیبر پی کے سے ریٹرننگ افسر عدلیہ سے لینے کی تجویز آئی ہے: سیکرٹری الیکشن کمشن
May 19, 2017