ڈھاکا(اے این این)بنگلہ دیش نے دورے کیلئے آسٹریلیا کی منت سماجت شروع کردی۔ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آنے والے ماہر سین کارول کے آگے وزیرداخلہ اور دوسرے آفیشل بچھ گئے۔آسٹریلیا نے 2015 میں بنگلہ دیش کا ملتوی کیے جانے والا ٹور رواں برس اگست میں ری شیڈول کیا جس میں 2 ٹیسٹ کھیلے جانے ہیں، اس بار بھی اسے سیکیورٹی کلیئرنس سے ہی مشروط کیا گیا ہے، بنگلہ دیش میں صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کرکٹ آسٹریلیا کے سیکیورٹی ماہر سین کارول ان دنوں ڈھاکا پہنچے ہوئے ہیں، انھیں وزیرکھیل اورسیکیورٹی حکام کی جانب سے بریفنگ دینے کے ساتھ آسٹریلوی ٹیم کی حفاظت کیلئے بنائے گئے پلان سے بھی آگاہ کیا گیا، کینگروز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
دوسری جانب بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری نے کہاکہ جس قسم کی سیکیورٹی کسی مہمان سربراہ مملکت کو فراہم کی جاتی ہے ویسی ہی ہم نے آسٹریلوی ٹیم کو فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ہم نے انھیں ضمانت دی کہ گزشتہ برس انگلینڈ کی ٹیم کو جس طرح کی سیکیورٹی فراہم کی گئی بالکل ویسے ہی انتظامات اب بھی کیے جائیں گے، اگر اس کے علاوہ بھی ان کا کوئی اضافہ مطالبہ ہوگا تو اسے بھی پورا کرنے کیلیے ہم تیار ہیں۔