کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتی ہے ، ملکی برآمدات کا بڑاحصہ بھی ٹیکسٹائل مصنوعات پر مشتمل ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس صنعت کو فعال کیا جائے اس ضمن میں ویلیو ایڈیشن سے ٹیکسٹائل سیکٹر کے بہتر نتائج اخذ کئے جا سکتے ہیں ،ویلیو ایڈیشن سے ٹیکسٹائل صنعت کے فروغ ، برآمدات اور روزگار کے مواقعوں میں اضافہ یقینی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں ٹیکسٹائل انسٹیٹیوٹ آف پاکستان (TIP) کے صدر ہمایوں ظفر سے ملاقات میں کیا ۔ اس موقع پر ٹی آئی پی کے کوالٹی انہاسمنٹ سیل کے ڈین / ڈائریکٹر ڈاکٹر عبد الجبار بھی موجود تھے ۔ ٹیکسٹائل صنعت کی فعالیت کے ضمن میں اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کی جانب نشاندہی کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ ٹیکسٹائل صنعت کی اہمیت کے باعث ہی اس شعبہ کے لئے علیحدہ وزارت تشکیل دی گئی ہے جو مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافہ کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔ با الخصوص اس کے 6 سب سیکٹرز اسپیننگ ، ویونگ ، پروسیسنگ، پرنٹنگ، گارمنٹس مینو فیکچرنگ اور یارن مینو فیکچرنگ پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آئی پی ٹیکسٹائل سائنس میں اعلیٰ معیار کے ماہرین تیار کررہا ہے،ادارہ سے ٹیکسٹائل ڈیزائن ٹیکنالوجی ، ٹیکسٹائل منیجمنٹ اینڈ مارکیٹنگ ، مینو فیکچرنگ اینڈ مرچنڈائزنگ، فیشن ڈیزائن منیجمنٹ اور انڈسٹریل مینو فیکچرنگ اینڈ منیجمنٹ کے گریجویٹس اندرون و بیرون ملک پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آئی پی کے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ حکام سے بات کروں گا تاکہ ادارہ مزید فعال انداز میں کام کرسکے ۔ ملاقات میں ٹی آئی پی کے صدر ہمایوں ظفر نے گورنرسندھ کو بتایا کہ 500 سے زائد طلبہ ٹی آئی پی میں مختلف فیکلٹیز میں زیر تعلیم ہیں ، ٹیکسٹائل صنعت کی موجودہ صوورتحال پر ٹی آئی پی نے ایک کانفرنس کا انعقاد بھی کیا تھا جس میں اندرون و بیرون ملک سے ماہرین نے شرکت کی تھی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹی آئی پی کے گریجویٹس بنگلہ دیش ، سری لنکا اور ویت نام کی ٹیکسٹائل صنعت میں اہم ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں ۔ انہوں نے مسائل کے حل میں تعاون کی یقین دہانی پر گورنرسندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹی آئی پی کے مسائل جلدحل ہو ں گے ۔