اشیاء کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں‘ حکومت نوٹس لے:خواتین رہنما

May 19, 2018

لاہور( لیڈی رپورٹر)رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہی شدیدمہنگائی کی لہر اور لوڈشیڈنگ پرخواتین نے شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری ایکشن کامطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگومیں تحریک انصاف کی شمسہ علی اور سمیرا عابد نے کہاکہ رمضان سے قبل ہی اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی تھیں پھر پہلے روزے تو اندھیر ہی مچ گیا، دہائی خدا کی لوگ کیا کریں پھل چکن کھجور سب کے نرخ بڑھادئیے گئے ہیںاورکوئی انہیں پوچھنے والا نہیں۔ تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صرف رمضان بازاروں تک توجہ مرکوز کرنے کی بجائے اوپن مارکیٹوں کے حالات کابھی جائزہ لے۔ ضلعی انتظامیہ چند رمضا ن بازاروں تک توجہ مرکوز نہ کرے بلکہ اوپن مارکیٹوں کے دورے بھی کئے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ ورکنگ خواتین ریحانہ کوکب اور شیریں ہادی نے کہاکہ افطاری اور سحری کے وقت لوڈشیڈنگ کسی ظلم سے کم نہیں، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوے کہاں گئے۔ گھریلو خواتین زبیدہ اور ثریانے کہا کہ مہنگائی اورلوڈ شیڈنگ نے پریشان کردیاہے۔

مزیدخبریں