لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ قومی ہاکی ٹیم کے غیر ملکی کوچ رولنٹ اولٹمینز نے گذشتہ روز معاون کوچز محمد ثقلین اور ریحان بٹ کے ساتھ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا اور جونیئر کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ہیڈ کوچ نے کہاکہ 2 ہفتے کیلئے کراچی میں کیمپ لگا رہے ہیں اور کوشش ہے کہ ایونٹ سے پہلے بھی یورپ میں جاکر ٹریننگ کرسکیں۔ رولینٹ اولٹمینز نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ پاکستان ٹیم انڈیا اورملائشیاء کے خلاف بہتر کھیل پیش کرے گی۔ قومی کوچ نے کہا کہ ہالینڈ میں پنلٹی کارنر اور گول کیپنگ سپیشلسٹ کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔ قومی کوچ نے کہاکہ پاکستان میں بہتری کیلئے انفراسٹرکچر پر کام کرنا ہوگا، پاکستان میں ہاکی ٹرف کم ہیں، انفراسٹرکچر بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ہاکی چیمپئنز ٹرافی 24 جون سے ہالینڈ میں شروع ہو رہی ہے۔