لاہور (کامرس رپورٹر) پیاف نے حکومت کی جانب سے برآمدی صنعت کو 100ارب روپے کے ریفنڈ کی فراہمی کے فیصلے کو سراہا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی صنعتکاروں سے حالیہ ملاقات میں کیا گیا جس کے مطابق حکومت اپنی مدت ختم ہونے سے قبل برآمدی انڈسٹری کے 100 ارب روپے کے سیلز ٹیکس ریفنڈ کرے گی۔ وزیر خزانہ نے صنعتکاروں کے وفد کو یہ بھی یقین دہانی کروائی کہ ایکسپورٹ پیکج کا اعلان آئندہ چار سے پانچ روز میں کر دیا جائے گا ۔ پیاف کے چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ حکومت بالآخر ایکسپورٹرز کے پھنسے ہوئے ریفنڈ ادا کرنے کے لئے تیار ہو گئی ہے۔ یہ ایک خوش آئند امر ہے کہ ایف بی آر نے ریفنڈ چیک تیار کرلیے ہیں۔اب تک کی اطلاعات کے مطابق ایف بی آر ان کیسز کے سیلز ٹیکس ریفنڈ ادا کرے گا جن کی تصدیق مارچ تک ہو چکی ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ریفنڈز کا مجموعی حجم 200ارب روپے سے زائدہے۔