مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز) یورپی ممالک میں ایک نیا فریڈم فلوٹیلا تیار کر لیا گیا ہے جسے امدادی سامان کیساتھ سویڈن فلسطینی محصور علاقے غزہ کی پٹی کے لیے روانہ کیا گیا ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چار بحری جہاز امدادی سامان لے کر سویڈن کی گیٹبرگ بندرگاہ سے عالمی پانیوں میں داخل ہوگئے جہاں سے وہ بعض دیگر یورپی ممالک کی بندرگاہوں سے ہوتے ہوئے غزہ پہنچیں گے۔اخباری رپورٹ کے مطابق غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے آنے والے امدادی قافلے میں سینکڑوں انسانی حقوق کارکن، سیاسی اور سماجی رہنما اور یکجہت کار شامل ہیں۔ ان سب کا متفقہ مطالبہ ہے کہ اسرائیل غزہ کی ناکہ بندی فوری طورپر ختم کرے۔خیال رہے پہلا فریڈم فلوٹیلا 29مئی 2010 کو ترکی سے غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ ہوا تھا۔ اسرائیلی فوج نے اس قافلے پرشب خون مار کر نو ترک امدادی کارکنوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کرنے کے بعد ہزاروں ٹن امدادی سامان لوٹ لیا تھا۔ اس کے بعد عالمی امدادی کارکن مسلسل تین بار غزہ کی پٹی کے لیے امدادی قافلے روانہ کرتے رہے ہیں۔ 2011 میں فریڈم فلوٹیلا 2، 2015 میں فریڈم فلوٹیلا 3 روانہ کیے گئے۔