کراچی(کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے بینکوں اوراسٹاک بروکرز کوان کے غیر ملکی کسٹومرز کی زرمبادلہ کی معلومات 15روز میں فراہم کرنے کے ا حکامات جاری کردیئے ہیں یہ احکامات آرگنائزیشن آف اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈیولپمنٹ (او ای سی ڈی) معاہدے کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے بینکوں‘ مالیاتی اداروں اور اسٹاک بروکرز کوبھیجے گئے حکم نامے میں کہاہے کہ وہ رواں ماہ کے آخر تک اپنے غیر ملکی سرمایہ کااروں‘ ڈپازٹرز کے کھاتوں کی تفصیل فراہم کریں۔ مراسلے میں غیر ملکی افراد کے 10لاکھ ڈالر یا اس سے زیادہ مالیت کے کھاتوں کی مکمل تفصیلات (ٹرانزیکشنز) کے اعدادوشمار طلب کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان نے 14ستمبر2016 کو ایک معاہدے پر دستخط کرکے عالمی تنظیم آرگنائزیشن آف اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈیولپمنٹ (او ای سی ڈی) کا104واں رکن بن گیاتھا۔ عالمی تنظیم او ای سی ڈی آف شور ٹیکس چوروں کی سرکوبی کے لئے قائم کی گئی ہے۔ ایف بی آر پہلے ہی او اسی سی ڈی کنونشن کے تحت رپورٹنگ کرنے والے 456مالیاتی اداروں کی فہرست جاری کرچکاہے جن سے ایف بی آر بذریعہ کمپیوٹرز معلومات کاتبادلہ کرے گا۔ اقتصادی ومالیاتی ماہرین کاکہناہے کہ او ای سی ڈی کے سرگرم ہونے سے بڑے ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس چوروں کے گرد گھیرا تنگ ہوگا۔ ان کے آف شورکھاتوں کے اعدادوشمار حاصل کئے جاسکیں گے جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے اس سلسلے میں جون2018 کے پہلے ہفتے میں ملنے والے اعدادوشمار اور معلومات کی اسکروٹنی کرنے کے لئے اجلاس طلب کرلیاہے۔