لاہور(کامرس رپورٹر )چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے گارڈن ٹائون ،ماڈل ٹائون لنک روڈ اورجوہر ٹائون میں قائم رمضان بازاروں کا دورہ کر کے سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی سپلائی، سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا، کم تولنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کرادیا گیا جبکہ ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کی سخت سرزنش کی گئی۔ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے خریداری کے لئے آنے والے شہریوں سے بھی آگاہی حاصل کی اور ان کی جانب سے بیف اور مٹن کے سٹالز نہ لگنے کی شکایات کا فوری نوٹس لیا گیا۔ اس موقع پر سٹال ہولڈرز اور مارکیٹ کمیٹی کی ملی بھگت سے اول درجہ پھلوں کی سپیشل پھلوں کے نرخوں پر فروخت کا بھی سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کے لوگوں کی سخت سرزنش کی گئی۔ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے ہدایت کی کہ پھلوں کی معیار کے مطابق کیٹگریز بنائی جائیں اور اس کے مطابق ان پرریٹ آویزاں کر کے فروخت کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر چار سٹالز سے ناقص اشیاء قبضے میں لے کر موقع پر ہی تلف کرا دی گئیں اورسٹالز بھی منسوخ کر دئیے گئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ دوروں کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے، سٹالز ہولڈرز کے ساتھ رمضان بازاروں کے عملے سے بھی باز پرس کی جائے گی اور کوتاہی ثابت ہونے پر کسی طرح کی رعایت نہیں برتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خریداری کے لئے آنے والوں سے بھی آگاہی حاصل کی ہے اور مجموعی طورپر صورتحال اطمینان بخش ہے۔ تاہم جو شکایات سامنے آئی ہیںمستقبل میں ان کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔