راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) جے یو پی صوبہ پنجاب کے سینئر نائب صدر طارق منیر بٹ نے نواز شریف کے بیانیہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف سیکورٹی رسک ہے۔ ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کرکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ پاکستان کے عوام کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ وہ آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے کی محب وطن قیادت کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں تاکہ ملک میں نظام مصطفیٰ کا نفاذ اور مقام مصطفیٰ کا تحفظ ہوسکے۔ وہ دارالعلوم جلالیہ رضویہ افشاں کالونی میں جمعیت کے ضلعی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ جس کی صدارت ضلعی صدر حافظ محمد حسین نے کی۔ اجلاس میں حافظ محمد حسین کی سربراہی میں ضلعی پارلیمانی بورڈ بنایا گیا اور امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی سے جلد پارلیمانی بورڈ کو درخواستیں ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی۔ حافظ محمد حسین نے مینار پاکستان کے جلسے کی کامیابی پر ایم ایم اے کے تمام کارکنوں کو مبارکباد دی۔ پیر مشتاق احمد جلالی نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں ایم ایم اے کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے۔ اجلاس میں حاجی فدالحق (مری) کے بھائی کی وفات پر تعزیت کی گئی اور مفتی عبدالرحمٰن نے ان کی بلندئی درجات کیلئے دعا کرائی۔ اجلاس میں راجہ ارشد عباسی، علامہ سعید احمد، راجہ شہزاد امین، راجہ فہیم احمد کیانی، مفتی طارق محمود نقشبندی، علامہ ظہور الاسلام، مفتی منان اقبال تیمور، حافظ خالد محمود اور دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔