ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف پرپیگنڈا کیا گیا کہ مجھے مارا گیا اور تصاویر پرانی لگائی گئی۔ پی ٹی آئی نے جشن منایا کہ جو باتیں کرے گا اسے مارا پیٹا جائے گا۔ انہیں لگا میں ڈر جاوں گا گھر سے باہر نہیں نکلوں گا۔ انکا کہنا تھا کہ ووٹر کو ڈرا دو خوف زدہ کر دو یہ نہیں ہونا چاہیے۔ یہ پری پولنگ دھاندلی ہے۔ ملک میں بے چینی اور خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے۔ میری جنگ پاکستان کے اداروں کو مضبوط کرنے کی جنگ ہے۔ اداروں اور خاص کر افواج پاکستان کا سب سے بڑا حامی ہوں۔ اصغر خان کیس میں عمران خان کا مجھ پر پیسے لینے کا الزام غلط ہے۔ عمران خان چار سال پہلے مجھے کہا تھا کہ اس عمر میں ذہنی توازن ٹھیک نہیں رہتا، عمران خان خود اس عمر سے اگے نکل گئے ہیں۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ بھٹو سے کڑا وقت کسی پر نہیں آیا کیا بھٹو ختم ہو گیا۔ بے نظیر بھٹو جیسے اپنے والد کے لیے کھڑی ہوئی ایسے ہی بلاول کھڑا ہے ۔ بلاول دلیری سے بات کرتا ہے۔