دنیا نے خاشقجی کے قتل پر اب تک کچھ نہیں کیا، منگیتر خدیجہ

May 19, 2019

واشنگٹن(این این آئی )استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل ہونے والے صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر خدیجہ نے کہاہے کہ انہیں یقین نہیں آتا کہ اب تک اس گھناؤنے جرم کا کسی کو بھی نتیجہ نہیں بھگتنا پڑا ہے۔ترک نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی ذیلی کمیٹی کے سامنے بات کرتے ہوئے خدیجہ نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ دنیا نے اس بارے میں اب تک کچھ کیوں نہیں کیا ہے۔صحافی کے قتل پر انہوں نے امریکی کانگریس سے نئی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 'امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے کہا تھا کہ یہ مسئلہ حل ہو جائے گا، تاہم 7 سے 8 ماہ بعد بھی ہمیں کچھ نہیں نظر آرہا جس کی وجہ سے میں آج یہاں آئی ہوں۔انہوں نے جذباتی لہجے میں کہا کہ مجھے اب تک سمجھ نہیں آتی، مجھے اب بھی لگتا ہے کہ میں بیدار ہوں گی، کیا اس طرح امریکی اقدار کا بھی قتل نہیں ہوگیا ہے؟ان کی منگیتر نے امریکا سے سعودی عرب میں سیاسی قیدیوں کی آزادی کے لیے پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج بھی نہیں معلوم کہ انہیں کیوں قتل کیا گیا، ہمیں یہ بھی نہیں معلوم کہ ان کے باقیات کہاں ہیں۔امریکی حکام نے جمال خاشقجی کے قتل کی ذمہ داری سعودی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران پر عائد کی تھی۔جمال خاشقجی کی منگیتر کا کہنا تھا کہ وہ امریکا اس امید کے ساتھ آئی ہیں کہ ان کے منگیتر کے قتل پر ردعمل دینے میں امریکا ان کی مدد کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دی تھی، تاہم وہ اس لیے نہیں آئیں کہ وہ ٹرمپ کے ردعمل پر بھروسہ نہیں رکھتی تھیں۔

مزیدخبریں