لاہور(نمائندہ سپورٹس) قائمہ کمیٹی کے رکن اقبال محمد علی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئٹہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شاہ دوست کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا ہے۔ پی سی بی کو شاہ دوست کو بحال کرنا پڑے ا۔ ییہاں جنگل کا قانون نہیں ہے کہ جو دل میں آئے کرتے رہیں۔ احسان مانی کے آمرانہ رویے کی وجہ سے پاکستان کرکٹ میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ پی سی بی جمہوری ادارہ ہے، بورڈ چیئرمین منتخب نمائندوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کریں۔ اداروں کو ایسے ڈکٹیٹرز کے سپرد کر دیا جائے تو آنکھیں بند کر کے نہیں بیٹھ سکتے۔ پی سی بی حکام کو جلد دوبارہ قائمہ کمیٹی کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا۔ پورے ملک کی کرکٹ ایک برطانوی شہری کے حوالے کی جا رہی ہے، اسے اربوں روپے کے فنڈز کے استعمال کا اختیار دیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں اس عہدے کی کوئی گنجائش بھی نہیں ہے۔ان حالات میں ہم خاموش کیسے رہ سکتے ہیں۔بورڈ چیئرمین کو رویہ اپنانا ہو گا ورنہ قائمہ کمیٹی اپنا آئینی کردار ادا کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔ کرکٹ بورڈ کیسے یکطرفہ کارروائی کر کے اپنے منتخب نمائندوں کو ڈی نوٹی فائی یا معطل کر سکتی ہے۔ ہم ایسے ہر غیر آئینی اقدام کی مخالفت کریں گے اور منتخب نمائندوں کو انکے حق دلانے کے لیے انکے ساتھ کھڑے ہونگے۔