لاہور (نمائندہ سپورٹس) قومی ٹیم کے فاسٹ باولر محمد عامر انگلینڈ کے خلاف ہونے والے پانچواں میچ بھی نہیں کھیل پائیں گے۔ ٹیم مینجمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ فاسٹ باولر کو پانچواں میچ نہیں کھلایا جائیگا کیونکہ محمد عامر اس وقت کمزوری کا شکار ہیں۔ محمد عامر کی ورلڈکپ میں شمولیت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے کیونکہ وہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز میں کارکردگی دکھا کر میگا ایونٹ میں شمولیت حاصل کر سکتے تھے تاہم اس دوران وہ پوری سیریز میں ایک بھی میچ نہ کھیل پائے۔ ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان آئندہ چند روز میں کر دیا جائے گا۔