احسان مانی، وسیم خان، تمام کھلاڑی، آفشلز اثاثے ظاہر کریں: سرفراز نواز

May 19, 2019

لاہور(نمائندہ سپورٹس) ٹیسٹ فاسٹ باؤلر سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی، مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان، تمام کھلاڑیوں اور دیگر تمام اہم آفیشلز اپنے اثاثے ظاہر کریں،عالمی کپ مقابلے شروع ہو رہے ہیں ان حالات میں کسی بھی قسم کے ناخوشگوار حالات سے بچنے کے لیے پی سی بی آفیشلز کے اثاثے عام کرنا ضروری ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم برطانیہ میں ہے اور ماضی میں ہماری ٹیم بھی منفی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے اس لیے کسی بھی تنازعہ سے بچنے کے لیے سب کے اثاثوں کو عام کیا جانا بہت اہم ہے۔وہ لندن سے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ احسان مانی پی سی بی کو ذاتی جاگیر سمجھ کر چلا رہے ہیں، یہ گورننگ بورڈ کے اراکین کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پی سی بی کے چیئرمین کا ماضی صاف نہیں ہے، پاکستان کرکٹ کی بدقسمتی ہے کہ اسے ہر دور میں مشکوک افراد نے نقصان پہنچایا ہے۔محمکہ جاتی کرکٹ پاکستان کے لیے آکسیجن کی اہمیت رکھتی ہے، اسے بچانے کے لیے آواز اٹھانے والے افراد کو نشانہ بنانا ملکی کرکٹ کے ساتھ ظلم ہے۔ پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی احسان مانی کے وارنٹ جاری کرے، بورڈ چیئرمین جان بوجھ کر کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہو رہے کیونکہ وہ پارلیمنٹیرینز کے سامنے غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کا دفاع نہیں کر سکتے۔

مزیدخبریں