لاہور (نیٹ نیوز، صباح نیوز، این این آئی) پنجاب اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے استعفے کے مطالبے کی قرارداد جمع کرا دی گئی۔ قرارداد مسلم لیگ ن پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات اور رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان معاشی بحران کا شکار اور روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ڈالر 150 روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ ان تمام حالات کے ذمہ دار براہ راست وزیر اعظم ہیں لہذا وزیر اعظم عمران خان فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی اسوہ آفتاب نے تمام مذہبی عبادت گاہوں کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں ،چرچوں ،مندر،گردواروںسمیت تمام مذہبی عبادت گاہوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے ساتھ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ دریں اثناء عید سے قبل میڈیا ہائوسز کی ادائیگیاں کلیئر کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ۔ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 9ماہ سے میڈیا انڈسٹری میں خطرناک بحران پیدا ہو چکا ہے۔قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت ریاست کے چوتھے ستون میڈیا میں بحران پیدا کرنے کی پالیسی ترک کرے ، عید سے قبل میڈیا ہائوسز کی ادائیگیاں کلیئر کی جائیں۔
وزیراعظم کے استعفیٰ، عبادت گاہوں کی فول پروف سکیورٹی اور میڈیا ہائوسز کی عید سے قبل ادائیگیوں کیلئے مسلم لیگ ن کی پنجاب اسمبلی میں قراردادیں
May 19, 2019