لاہو ر ( کامرس رپورٹر) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2018-19 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 26 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی5 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 2ارب 62کروڑ 55 لاکھ 96ہزار روپے کی منظوری دی۔اجلاس میں متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلیٰ افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے 26ویں اجلاس میں جن 5ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں صوبہ پنجاب میں جاری ہیپا ٹائٹس پریویلنس سروے 2017 (ترمیمی، پی سی II) کیلئے 7 کروڑ 9لاکھ 28 ہزار روپے، صوبہ میں بہتر پالیسی سازی اور ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کے ضمن میں پی اینڈڈی کے کیپیسٹی بلڈنگ کیلئے 60 کروڑروپے، صوبہ میں مچھلی کی ثقافت کوفروغ دینے کے سلسلہ میں بہترین خدمات کی فراہمی (ترمیمی) کیلئے 36کروڑ 5 لاکھ روپے،صوبہ پنجاب میں بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے منصوبے کے تحت مزدوروں کوبہترین روزگار کی فراہمی(ترمیمی) کیلئے 96 کروڑ 65 لاکھ روپے اور ضلع گوجرانوالہ اور خوشاب میں منی ہائیڈرو پاور سائٹس کے قیام کیلئے 62 کروڑ 76 لاکھ 68 ہزار روپے شامل ہیں۔
پنجاب حکومت کی 5 ترقیاتی سکیموں کومکمل کرنے کیلئے 2ارب روپے سے زائدکی منظوری
May 19, 2019