سیری (آن لائن) کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ بار ی ایک شخص زخمی بھارت سول آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے پاک فوج کا منہ توڑ جواب دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول کھوئی رٹہ سیکٹر کے سرحدی علاقوں چتر ، ججوٹ بہادر ، بھینسہ گالہ ، جگالپال میں سول آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس سے ملک محمد شفیع عمر 75سال ساکن ججوٹ بہار ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جس کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال پہنچایا گیا پاک فوج نے منہ توڑ جوابی کاروائی کرتے ہوئے بھارت کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں ۔بھارتی سفارتخانے کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی قابض افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کھوئی رٹہ سیکٹرمیں جنگ بندی کی خلاف ورزی اور اس کے نتیجے میں ایک بے گناہ شہری کے زخمی ہونے پر شدید احتجاج کیا گیا ہے ، بھارت پر زوردیا گیا کہ بے حسی پر مبنی یہ اقدامات 2003کے جنگ بندی معاہدے، انسانی عظمت ووقار، بین الاقوامی انسانی حقوق و قوانین اور پیشہ وارنہ فوجی طرز عمل کے برعکس اور ان کی صریحا خلاف ورزی ہے۔ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیاں ایل او سی پر کشیدگی بڑھانے کی مسلسل بھارتی کوششوں کا مظہر اور خطے کے امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔ ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر کشیدگی میں اضافہ کے ذریعے بھارت اپنے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانہیں سکتا۔ پاکستان نے بھارت پر زوردیا کہ 2003کے جنگ بندی سمجھوتے کا احترام کرے، تازہ ترین اور اس سے قبل ہونے والی جنگ بندی کی دانستہ خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات کرائے ، ایل اوسی اور ورکنگ باونڈری پر امن قائم کرے، بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے پاکستان اور بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تفویض کردہ اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔
کنٹرول لائن: بھارت کی پھر بلااشتعال فائرنگ، گولہ باری، شہری زخمی، سینئر سفارتکار کی طلبی ، پاکستان کا احتجاج
May 19, 2020