احساس ایمرجنسی پروگرام کا باضابطہ افتتاح ، معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے مختلف شعبے کھول دیئے : وزیراعظم

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کی وباء کے باعث بے روزگار ہونے والے افراد کے لئے احساس ایمرجنسی کیش کی تقسیم کے عمل کا باضابطہ افتتاح کردیا۔ وزیراعظم نے پیر کو اس سلسلے میں پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں قائم احساس کیش کی تقسیم کے مقام کا دورہ کیا۔ اس موقع پر متاثرین میں 12 ہزار روپے فی کس ایمرجنسی کیش امداد کی تقسیم کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے باعث بیروزگار ہونے والے مختلف متاثرین سے ان کے مسائل دریافت کئے اور ان کے حل کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر متاثرین نے ایمرجنسی کیش پروگرام کے ذریعے مالی امداد فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ملک میںمعاشی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے متعدد فیصلے کئے ہیں اور معیشت کے مختلف شعبوں کو کھول دیا ہے۔ اس موقع وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو ایمرجنسی کیش گرانٹ کی تقسیم کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر بارہ کہو سے تعلق رکھنے والے ایک بیروزگار ڈرائیور عبدالرزاق نے اے پی پی کو بتایا کہ وہ گزشتہ دو ماہ سے بیروزگار ہے۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں مالی معاونت فراہم کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون شاہدہ نے اپنی بیروزگاری کے بارے میں بتاتے ہوئے حکومت کی جانب سے متاثرین کی امداد کے پروگرام پہ اطمینان کا اظہار کیا اور وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کرونا ریلیف فنڈ میں اب تک 3 ارب روپے سے زائد کی رقم جمع ہوئی ہے۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہر ایک روپیہ عطیہ کرنے پر حکومت کی جانب سے4 روپے فنڈ میں شامل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احساس لیبر پورٹل کے تحت اب تک 34لاکھ درخواستیںموصول ہو چکی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...