اسلام آباد(نیوزرپورٹر) آزاد کشمیر میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے آزادکشمیر میں لاک ڈاؤن میں دی جانے والی نرمی واپس لیتے ہوئے تین ہفتوں کے لئے لاک ڈاؤن سخت کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب سے آزادکشمیر بھر میں مکمل لاک ڈاؤن بحال کر دیا گیا ہے ، لاک ڈاؤن کے دوران اشیاء ضروریہ، میڈیکل سٹور طے شدہ اوقات کار کے مطابق کھلے رہیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ فیصلہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ عوام سے تعاون کی اپیل ہے، یہ احتیاطی اور حفاظتی اقدامات ہیں جو عوام کو محفوظ بنانے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حالات اس بات کے متقاضی نہیں کہ ہم عید کی شاپنگ کریں۔ عید سادگی سے منائیں، عید تک ٹرانسپورٹ بھی معطل رہے گی۔ عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔