اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں نے مالی سال 2021ء کے پہلے 10 ماہ کے دوران 24.2 ارب ڈالر بھجوا کر پورے مالی سال 20ء کا ریکارڈ توڑ دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر کہا کہ میرا ہمیشہ سے یقین رہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا عظیم ترین اثاثہ ہیں۔ اپریل میں آپکی ترسیلات زر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچتے ہوئے 2.8 ارب ڈالر رہیں۔ مالی سال 21ء کے پہلے 10 ماہ کے دوران 24.2 ارب ڈالر بھجوا کر آپ نے پورے مالی سال 20ء کا ریکارڈ توڑ دیا۔ نئے پاکستان پر اعتماد پر آپ کا شکریہ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اپریل میں ترسیلات زر گزشتہ سال کے مقابلے میں 56 فیصد زائد رہیں۔ مالی سال 2021ء میں جولائی سے لے کر اپریل تک مجموعی طور پر بیرون ملک مقیم ورکرز کی جانب سے ترسیلات زر 24 ارب 20 کروڑ ڈالر کی بے مثال سطح تک جا پہنچیں جو گزشتہ برس کے اسی عرصے کے مقابلے میں 29 فیصد زائد ہیں۔ مرکزی بینک کا کہنا تھا کہ یہ حجم پورے مالی سال 2020ء کی ترسیلات زر سے بھی ایک ارب ڈالر زائد ہے جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ جولائی تا اپریل سب سے زیادہ غیر ملکی رقوم سعودی عرب‘ اس کے بعد متحدہ عرب امارات اور برطانیہ سے موصول ہوئیں۔