لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ن لیگی ترجمانوں کی جانب سے حکومت پر تنقید پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ حکومت شہباز شریف کو آئینی اور قانونی حدود میں رہتے ہوئے باہر جانے سے روک رہی ہے لیکن لیگی ترجمان اس بات کا جواب حکومت پر کرپشن کے الزامات لگا کر دے رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے اس پر کہا کہ حکومت کے تمام ارکان ملکی وسائل کے دیانتدارانہ استعمال اور قانون کی پاسداری پر کار بند ہیں اور زلفی بخاری کا راولپنڈی رنگ روڈ کرپشن کیس میں نام آنے پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا اسکی مثال ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد بھی پاکستان میں رہتے ہوئے کینسر اور کرونا دونوں سے بخوبی نبرد آزما ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ حکومتی ارکان کے خلاف بھی کرپشن الزامات پر تحقیقات جاری ہیں۔ ن لیگ کے 35 سالہ دور اقتدار میں ایسی اعلیٰ ظرفی اور شفافیت کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ آفس کے عہدیداران کے ذریعے کرپشن کرنے والے شریف خاندان سے ایسے جمہوری رویوں کی توقع کی بھی نہیں جا سکتی۔