خدارا! مسلم امہ اب تو متحد ہو جائے

مکرمی! غزہ میں اسرائیل کی بربریت سے اب تک 200 سے زائد فلسطینی شہید اور سینکڑوں ہی زخمی ہو چکے ہیں‘ لیکن اسکے باوجود اسکی ظالمانہ کارروائیاں تھمنے میں نہیں آرہیں۔ اسکی یہ جارحیت پہلی بار نہیں ہورہی اس سے قبل بھی وہ ایسی ہی دہشت گردی کا ارتکاب کرتا رہا جسے ہمیشہ امریکی آشیرباد بھی حاصل رہی ہے۔ آج بھی امریکی صدر جوبائیڈن مظلوم فلسطینیوں کے بجائے ظالم اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں۔ اسرائیلی مظالم کے بجائے حماس کے حملوں کی مذمت کررہے ہیں اور فلسطینیوں کیخلاف حالیہ کارروائیوں میں اسرائیل کی مکمل حمایت کررہے ہیں۔ افسوس صد افسوس! اس موقع پر مسلم ممالک سوائے افسوس‘ مذمت‘ تشویش اور قراردادوں کی منظوری کے کسی عملی اقدام کی طرف نہیں آرہے۔ جب تک مسلم امہ متحد ہو کر ان الحادی قوتوں کیخلاف اٹھ کھڑی نہیں ہوتی ‘ ہنود‘ یہود و نصاریٰ مسلمانوں کو اسی طرح اپنے ظلم و جبر کا نشانہ بناتے رہیں گے۔ خدارا! مسلم امہ اب تو متحد ہو جائے۔ اگر ہم اسی طرح انتشار کا شکار رہے اور کوئی ٹھوس لائحہ عمل اختیار نہ کیا گیا تو…ع ’’تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں‘‘۔ ( عمر سلیم‘ لاہور) 

ای پیپر دی نیشن