حکومت صحت، سائنس وٹیکنالوجی کے ایجنڈا کو آگے بڑھانے کیلئے پر عزم ہے،شبلی فراز

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت بین الاقوامی تعاون اور شراکت داری کے ذریعے صحت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے ایجنڈا کو آگے بڑھانے کے لیے پر عزم ہے۔ان خیالا ت کا اظہا ر انہوں نے  اقوام متحدہ کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے 24 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ایس ڈی جیز کے حصول میں سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کا انتہائی اہم کردار ہے۔کورونا کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں بھی ان کا کردار اتنا ہی اہم ہے۔انہوں نے کہا ایس ڈی جیز اچھی صحت اور فلاح و بہبود کے شعبے سمیت ایک مربوط عالمی ایجنڈے کی نمائندگی کرتے ہیںپاکستان نے ایس ڈی جیز کو اپنے ترقیاتی منصوبوں ، پالیسیوں اور پروگراموں میں شامل کیا ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ سائنس ، ٹیکنالوجی، جدت اور صحت کو بجٹ میں ترجیح دی جا رہی ہے۔ ہماری حکومت بین الاقوامی تعاون اور شراکت داری کے ذریعے صحت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے ایجنڈا کو آگے بڑھانے کے لیے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا ، ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبے میں بہتر سرمایہ کاری خصوصا ترقی پذیر ممالک کے لئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کورونا وبا نے دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے۔ ترقی پذیر ممالک مالی بحران کا شکار ہوئے۔ اس وبا نے عالمی سطح پر صحت عامہ کے نظام کو درہم برہم کردیا ہے اس وبا سے پہلے ہی ، عالمی آبادی کے صرف ایک تہائی حصے کو صحت کی ضروری سہولیات میسر تھیں۔ شبلی فراز نے کہا حالیہ اندازہ کے مطابق ، اگر موجودہ رجحان جاری رہا تو 2030 تک عالمی آبادی کے صرف 39 فیصد حصے کو صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔

ای پیپر دی نیشن