وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقات ،حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت، ترقیاتی سکیموں اور فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال، اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی عزت میری عزت ہے، منتخب نمائندوں کے حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام ہوں گے، راولپنڈی سمیت ہر شہر کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا گیا ہے، پہلی بار شہروں کی ضروریات اور ترجیحات کو مد نظر رکھ کر فلاح عامہ کے منصوبے شروع کئے ہیں، الزامات برائے الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، سازشی عناصر پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ان کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، ترقی کے مخالفین سوچے سمجھے منصوبے کے تحت زہریلا پراپیگنڈا کر رہے ہیں، تنقید اور پراپیگنڈے کا جواب ہمیشہ خدمت کی سیاست سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے، پنجاب میں کسی کے ساتھ انتقامی کارروائی نہ کی ہے، نہ کریں گے، ہماری حکومت کا دامن صاف ہے، سابق دور میں ہر روز سورج نیا سکینڈل لے کر طلوع ہوتا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جہاں بھی بے ضابطگی یا خرابی نظر آئی، فوری کارروائی کی ہے، مخالف عناصر صرف این آر او کے متلاشی ہیں جو انہیں وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے کبھی نہیں ملے گا۔ اڑھائی برس میں وہ کام کئے ہیں جو سابق حکومت 10 برس میں نہ کر سکی۔ وزیر اعظم عمران خا ن کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے اراکین پنجاب اسمبلی نے مسائل کے حل کیلئے ہدایات جاری کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں میجر (ر) محمد لطاسب ستی، راجہ صغیر احمد، جاوید کوثر، چوہدری ساجد محمود، واثق قیوم عباسی، ملک تیمور، امجد محمود چوہدری، اعجاز خان اور عمر تنویر شامل تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقات
May 19, 2021 | 16:46