پاکستان روز اول سے فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہے۔ نور الحق قادری

May 19, 2021 | 22:36

ویب ڈیسک

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے پوری فلسطینی قوم کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان روز اول سے ان کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کئی مرتبہ یہ موقف دہرا چکے ہیں کہ ہم اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرینگے، فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی فتح اور کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور القدس الشریف بہت جلد یہودیوں کے قبضے سے آزاد ہو گا۔بدھ کو انہوں نے مسجد الاقصی کے خطیب و امام ڈاکٹر علامہ عکرمہ سعید صبری کے نام  اپنے ویڈیو پیغام میں پوری فلسطینی قوم کو سلام پیش کیا اور کہا کہ فلسطینی قوم ظلم کے مقابل ایک بہادر اور دلیر قوم ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ جانتا ہے کہ یہ عید ہمیں بہت غمزدہ کر گئی کیونکہ وہ ظالمانہ واقعات جو القدس الشریف مسجد اقصی میں ہوئے اور جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے اس نے ہمیں بہت دکھ پہنچایا ہے اور ہمارے دل چھلنی ہو گئے ہیں۔ ہم جان و دل سے مسجد اقضی اور القدس الشریف پر فدا ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا قلبی ایمانی اور روحانی تعلق ہے۔ انشا اللہ غاصب یہودیوں کیخلاف آپ کی یہ جدوجہد فتح اور کامیابی پر اختتام پذیرہو گی۔ پوری پاکستانی قوم آپ کو سلام پیش کرتی ہے۔ پوری پاکستانی قوم اور حکومت پہلے دن سے آج تک فلسطینی قوم اور ان کی آزادی کی تحریک کے ساتھ ہے، یہی موقف وزیراعظم عمران خان کئی بار دہرا چکے ہیں کہ ہم اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرینگے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے پاس ان اقدامات کا شرعی اور قانونی کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ بہت جلد ان شا اللہ آپ کی اقتدا میں نماز مسجد اقصی میں ادا کرینگے اور القدس الشریف بہت جلد یہودیوں کے قبضے سے آزاد ہو گا۔

مزیدخبریں