دبئی(آئی این پی)آئی سی سی نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر جنوبی افریقی بلے باز زبیر حمزہ پر 9ماہ کے لئے کرکٹ کے دروازے بند کر دیئے۔حمزہ نے 17جنوری 2022کو پارل ساؤتھ افریقہ میں ٹورنامنٹ سے باہر نمونے دیے تھے، جن میں ممنوعہ مادے فوروسیمائڈ کے اجزا پائے گئے ، جو واڈا کی ممنوعہ فہرست میں شامل ہے۔زبیر حمزہ نے معطلی کو قبول کر لیا ہے ، اس لئے ان پر 22مارچ 2022 سے پابندی عائد کردی گئی ہے ، جو 22 دسمبر 2022 تک جاری رہے گی۔ اس کے ساتھ ہی ان کی 17 جنوری سے 22 مارچ 2022 تک کی ذاتی کارکردگی ان ویلڈ ہو گئی ہے۔زبیر حمزہ جنوبی افریقہ کے لیے اب تک 6 ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں۔26 سالہ حمزہ کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں کارکردگی شاندار رہی ہے۔زبیر حمزہ نے 78 میچوں کی 130 اننگز میں 46 کی اوسط سے 5271 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے 13 سنچریاں اور 26 نصف سنچریاں بنائی ہیں ۔ یعنی انہوں نے 39 مرتبہ 50 سے زیادہ رنز بنائے ہیں ۔ انہوں نے ناٹ آؤٹ 222 رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلی ہے ۔