سلیکٹرز شان مسعود کی پرفارمنس پر نظر رکھے ہوئے ہیں، محمد یوسف

لاہور(آئی این پی)قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ سلیکٹرز شان مسعود کی کانٹی چیمپئن شپ میں شاندار پرفارمنس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔شان مسعود ڈربی شائر کے ساتھ شاندار سیزن سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور صرف سات اننگز میں 118کی اوسط سے 826رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔سابق مڈل آرڈر بلے باز محمد یوسف  نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی)میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ ریمارکس دیے۔محمد  یوسف نے کہا کہ جس طرح شان مسعود کائونٹی میں کھیل رہے ہیں، آج تک پاکستان کا کوئی کھلاڑی نہیں کھیلا، سلیکٹرز بھی اس کارکردگی پر نظر رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہیں، ہمیں ون ڈے میں دیکھنا ہوگا کہ ان کی جگہ کہاں ہے۔جاری کنڈیشنگ کیمپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے  محمد یوسف نے کہا کہ ہم پہلے مرحلے میں بلے بازوں کی کمزوریوں پر کام کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کنڈیشننگ کیمپ لگایا گیا ہے، ہم کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھی کام کر رہے ہیں، اگر فٹنس اچھی ہو گی تو گرم موسم سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔مڈل آرڈر کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ماضی میں بھی مشکل وقت کا سامنا کرتے رہے ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ فواد عالم ٹیسٹ سیریز میں بھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، ٹاپ آرڈر نے ون ڈے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ریکارڈ ہدف کا تعاقب کرنے میں کامیاب رہے، جب تمام کھلاڑی اپنی تعداد کے مطابق پرفارم کریں گے تو ٹیم کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی ۔محمد یوسف نے مزید کہا کہ ہم ٹاپ اور مڈل کے ساتھ ساتھ لوئر آرڈر پر بھی توجہ دے رہے ہیں، ہم اس کیمپ میں بلے بازوں کو مزید مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن