کرونا : 66 پاکستانیوں کے ٹیسٹ مثبت ، امریکہ میں تین سال کے دوران 10 لاکھ اموات 

May 19, 2022


اسلام آباد، لاس اینجلس (خبرنگار، آئی این پی، شنہوا) قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 16 ہزار306 کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔ بدھ کو قومی ادارہ برائے صحت کی جانب سے جاری ٹویٹ میں بتائے گئے اعدادوشمار کے مطابق 66 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.40فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 90 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کرونا وائرس سے بچاؤ کی بوسٹر ڈوز لگانے کی خصوصی مہم جاری ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کے مطابق این آئی ایچ اور وزارت صحت کی ہدایت پر بوسٹر ڈوز لگانے کی دو روزہ خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا تھا جو کل بھی جاری رہے گی۔ ڈی ایچ او اسلام آباد کے مطابق شہر میں پہلے سے قائم ویکسی نیشن سینٹرز کے علاوہ مہم کے لیے خصوصی طور پر مزید 16 کیمپس بھی  لگائے گئے ہیں جہاں سے شہری بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں۔ ادھر امریکہ میںکرونا سے ہلاکتیں تین سال سے کم عرصے میں 10 لاکھ تک پہنچ گئیں اور یہ تعداد 336 روز تک ہر روز نائن الیون حملے کے برابر رہی ہیں۔ پی بی ایس کی جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مرنے والوں کی تصدیق شدہ تعداد سول خانہ جنگی اور تقریبا دوسری جنگ عظیم میں مجموعی ہلاکتوں کے برابر ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہر چار میں سے 3 ہلاک ہونے والے افراد 65 سال سے زائد عمر کے تھے، جبکہ خواتین سے زیادہ مرد ہلاک ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاہ فام، ہسپانوی اور مقامی امریکیوں کی کووڈ -19 سے ہلاکتیں سفید فام افراد سے دوگنی رہی ہیں۔

مزیدخبریں