قیامت خیز گرمی جاری‘ لہر 25 مئی تک رہے گی: محکمہ موسمیات 


چناب نگر/ کراچی/ گڑھ مہاراجہ (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) گڑھ مہاراجہ احمد پور سیال گڑھ موڑ و گرد و نواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ، درجہ حرارت 46 ڈگری تک پہنچ گیا۔ ایک طرف سورج آگ برسا رہا تو دوسری طرف لو چلنے کہ وجہ سے شہری نڈھال ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گڑھ مہاراجہ احمد پور سیال و گرد و نواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سورج آگ برسانے لگا، محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اگلے دو سے چار روز موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ چناب نگر میں شدید گرمی سے زیادہ 46 ڈگری تک پہنچ گیا، آگ برساتے سورج نے لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا۔ شدید گرمی اور لو کی وجہ سے شہریوں کا برا حال کر دیا، گرم لو چلنے سے سڑکیں اور بازار ویران نظر آنے لگے۔ گرمی سے کاروبار زندگی بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ پرندے اور جانور گرمی سے نڈھال ہو چکے ہیں۔ آئندہ ہفتے بھی ملک بھر میں گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔ محکمہ صحت کے ترجمان نے بتایا زیادہ درجہ حرارت ہیٹ سڑوک کا باعث بن سکتا ہے۔ سندھ بھر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے ایک بار پھر گرمی کی شدت میں اضافہ ممکن ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہونے کا امکان جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر 25 مئی تک جاری رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن