اسلام آباد(خبرنگار خصوصی)ریڈیو پاکستان کی مینجمنٹ نے وزارت اطلاعات و نشریات کی قائمہ کمیٹی کے رکن سینیٹر عرفان صدیقی کی جانب سے بھیجے گئے مراسلہ میں لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ درختوں کی نیلامی کا عمل قانون کے مطابق عمل میں لایا گیا تھا اور اس ضمن میں باقاعدہ طور پر قواعد و ضوابط کے تحت کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اور اخبار میں اشتہار کے ذریعے نیلامی کا عمل مکمل کیا گیا تھا۔ مینجمنٹ کی جانب سے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد درخت نیلام کیے گئے تھے۔ دریں اثنا ریڈیو پاکستان کی یونین یونائیٹڈ سٹاف آرگنائزیشن کا اجلاس سنٹرل یونین آفس میں چیئرمین احمد نواز خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریڈیو پاکستان راولپنڈی میں درختوں کی فروخت کے حوالے سے سینیٹر عرفان صدیقی کی طرف سے سینٹ کی جانب سے قائمہ کمیٹی کو لکھے گئے خط اور میڈیا میں ریڈیو پاکستان جیسے عظیم ادارے اور اس کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل کے خلاف جاری ہونے والی خبروں کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ درختوں کی نیلامی کے حوالے سے تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے ہیں اور کسی قسم کی کوئی بے قاعدگی نہیں پائی گئی جبکہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی کو لکھے جانے والا خط اور میڈیا میں جاری ہونے والی خبریں بے بنیاد،من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔
درختوں کی کٹائی کے حوالے سے بے بنیاد الزامات قابل مذمت: ریڈیو پاکستان
May 19, 2022