اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے کراچی میں دو کاروباری اداروں کے دفاتر(انڈرٹیکنگ) میں سرچ انسپیکشن کر کے متعلقہ ریکارڈ قبضہ میں لے لیا۔ یہ سرچ انسپیکشن سی سی پی کی جانب سے ملک کی دو مشہوربندرگاہوں پر دو کاروباری اداروں (انڈرٹیکنگ) کی جانب سے فریٹ چارجزکی مبینہ فکسنگ اور اپنے ممبران میں اس کی سرکولیشن اور کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 4 کی بادی النظر میں کی گئی خلاف ورزی کے سلسلے میں جاری ایک انکوائری کے تسلسل میں کیا گیا ۔یہ سرچ اور انسپیکشن کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 34کے تحت کیا گیا جس کے دوران ان کاروباری اداروں کے عہدے داران نے سی سی پی کی سرچ ٹیموں سے مکمل تعاون کیا اور مبینہ کمپیٹیشن مخالف سرگرمیوںمیں ان کاروباری اداروں کے کردار کے سلسلے میں جاری انکوائری میں درکار دستاویزات اور کمپیوٹر میں محفوظ معلومات کو سی سی پی سرچ ٹیموں کے حوالے کیا۔