کراچی ( کامرس رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ادریس نے کراچی میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، اضافی نفری کی تعیناتی، اسنیپ چیکنگ اور گشت میں تیزی لاتے ہوئے کراچی کے تجارتی مارکیٹوں اور دیگر حساس علاقوں میںفول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنائیں ۔بولٹن مارکیٹ کے دکانداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے جہاں دو روز قبل ایک بم دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک خاتون راہگیر جاں بحق اور 10 دیگر زخمی ہو گئے تھے، صدر کے سی سی آئی نے یقین دلایا کہ کراچی چیمبر، پوری کاروباری اور صنعتی برادری کا حقیقی نمائندہ ہونے کے ناطے اس سنگین مسئلے کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ اُٹھا چکا ہے اور درخواست کی گئی ہے کہ شہر کی تمام تجارتی مارکیٹوں کو محفوظ بنایا جائے تاکہ دہشت گردوں کی ایسی سرگرمیوں کو مؤثر طریقے سے ناکام بنایا جا سکے اور کراچی کے کونے کونے میں امن و امان کی صورتحال مستحکم رہے۔محمد ادریس جو سینئر نائب صدر عبدالرحمن نقی، نائب صدر قاضی زاہد حسین اور دیگر کے ہمراہ تھے، انھوںنے کہا کہ بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ بگڑتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز بھی قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہیں جو صورتحال سے نمٹنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں اور آج کل عوام کی مشکلات میں مزید شدت آگئی ہے کیونکہ شہر میں 21 دنوں کے اندر تین دہشت گرد حملے ہوچکے ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کو مؤثر طریقے سے روکنے اور کراچی والوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو کراچی کی سڑکوں کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی تمام حکمت عملیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی جہاں دن کی روشنی میں بلا خوف لوگوں کو لوٹا، زخمی اور یہاں تک کہ قتل کیا جا رہا ہے۔ پولیس اور رینجرز کو کراچی کے کچھ حساس ترین علاقوں اور تجارتی بازاروں میں گشت اور اسنیپ چیکنگ کو تیز کرنا چاہیے جہاں سے اسٹریٹ کرائمز کی رپورٹس بڑے پیمانے پرمل رہی ہیں۔انہوں نے پورے کراچی میں موئثر پولیسنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا جہاں آبادی 25 ملین سے زائد ہو چکی ہے جبکہ دہشت گردی کے واقعات، اسٹریٹ کرائمز،کار و موٹر سائیکل کی چوریاں اور دیگر وارداتوں میں اضافے کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال روز بروز بگڑتی جا رہی ہے جو شہر کے تقریباً تمام حصوں سے بڑے پیمانے پر رپورٹ ہو رہے تھے۔محمد ادریس نے امید ظاہر کی کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے کراچی کی سڑکوں کی محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں گے جہاں دہشت گردی اور اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات اُٹھانے کا وقت آگیاہے۔
صدر کراچی چیمبر کا بولٹن مارکیٹ کا دورہ
May 19, 2022